پشاور (آئی این پی ) ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور ضلعی حکومت چترال کے زیر اہتمام شندور پولو فیسٹیول کا آغاز آج 29 جولائی سے ہوگا جس میں افتتاحی میچ لاسپور اور غزر کی پولو ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا، تین روزہ شندور پولو فیسٹیول میں گلگت اور چترال کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن کے مابین کانٹے دار مقابلے منعقد ہونگے جبکہ اس کیساتھ ساتھ چترالی ، گلگت اور کالاشی ڈانس کی پرفارمنس ،پیراگلائیڈنگ اور پیرا جمپنگ کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا اور شام کے اوقات میں سیاحوں کو لطف اندوز کرنے کیلئے کلچر شو کا انعقاد کیا جائے گا، فیسٹیول کے دوسرے روز گھوڑوں کا ڈانس، چترال اور گلگت سکا?ٹس کی ٹیموں کے مابین رسہ کشی کا مقابلہ ، چترال سی اور گلگت بلتستان سی ٹیموں کے مابین پولو میچ ، اور دیگر مختلف تقریبات منعقد ہونگی فیسٹیول کا فائنل 31 جولائی کو کھیلا جائے گا اس موقع پر ثقافتی ڈانس کی شاندار پرفارمنس بھی پیش کی جائینگی ، ٹوورازم کارپوریشن کے تعاون سے منعقدہ شندور پولو فیسٹیول میں شندور کے مقام پر کیمپنگ ویلیج بھی بنایا گیا ہے تاکہ وہاں آنے والے مہمانوں کو رہائش کی سہولت میسر ہو، شندور پولو فیسٹیول کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا ہے تاکہ امسال خصوصی طور پر بین الاقوامی سیاحوں سمیت ملکی سیاح بھی ان علاقوں کا دورہ کرسکیں اور سیاحت ترقی پاسکے ، ٹوورازم کارپوریشن شندورمیں ہرسال کیمپنگ ویلیج ، ثقافتی موسیقی، پیرا گلائیڈنگ اور دیگر سرگرمیوں میں مکمل سپورٹ کرتا رہاہے اور یہ سالانہ کلینڈر کا بڑا ایونٹ بھی ہے جو کہ باقاعدگی کیساتھ منعقدکیا جاتا ہے ،پولو فیسٹیول دنیا کے بلند ترین گراؤنڈ پر منعقد کیا جاتا ہے جو کہ سطح سمندر سے 12500 فٹ اونچائی پر واقع ہے اس کھیل کو بادشاہوں کا کھیل بھی کہا جاتا ہے۔