لاہور (این این آئی ) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈ محمدحفیظ نے بیرون ملک علاج کروانے کا فیصلہ کر لیا ، اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے علاج معالجہ کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت مانگ لی ۔ تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ رواں سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا ء کپ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے، ورلڈ ٹی ٹونٹی کے دوران مزید مشکلات کا شکار ہونے کے بعد وہ میدان سے باہر بیٹھنے پر مجبورہوگئے، بعد ازاں بحالی کا عمل سست ہونے کی وجہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ دیا نہ ہی کاکول اکیڈمی میں دیگر کرکٹرز کو جوائن کرسکے۔مسائل کے باجود انہیں دورہ انگلینڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں رکھا گیا تھا چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بدھ کو اسکلز کیمپ کے لئے 21کھلاڑیوں کا اعلان کیا تو محمد حفیظ کو شامل کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ان کا نیا ایم آر آئی اسکین ہوا ہے، ڈاکٹرز کی رائے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق تازہ میڈیکل رپورٹ میں اوپنر کے گھٹنے کی صورتحال تسلی بخش نہیں پائی گئی اور انہیں مزید ایک ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔موجودہ صورتحال کے بعد محمد حفیظ نے انگلینڈ سیریز میں شرکت کیلئے اپنے آپ کو فٹ کرنے کیلئے بیرون ملک سے علاج کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے پی سی بی سے اجازت بھی مانگ لی ہے۔