لندن(این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ اگر دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم کو ان کی ضرورت پڑی تو وہ دستیاب ہوں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ قومی ٹیم کے سلیکٹرز نوجوانوں کو موقع دینا چاہتے ہیں ٗاسی لیے وہ ٹیم سے دور ہیں اور یہ بہتر ہے کہ سلیکشن جکمیٹی انہیں ٹیم سے دور رکھیں اور نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو پرکھیں۔بوم بوم آفریدی نے کہاکہ وہ اپنی توجہ کاؤنٹی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے پر خوش ہیں تاہم اگر ملک کو ان کی ضرورت ہوئی تو پاکستان کے دورہ انگلینڈ کیلئے دستیاب ہوں گے۔شاہد آفریدی نے کہاکہ میں اس موسم گرما میں اپنی کاؤنٹی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے پر خوش ہوں اور پھر بعد میں کیا ہوتا ہے دیکھوں گاجمعہ کو ہیمپشائر کاؤنٹی کی جانب سے 2011 کے بعد پہلی بار میدان میں اتریں گے۔