کراچی (آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نومنتخب ٹوئنٹی20کپتان سرفرازاحمد نے اعتراف کیاہے کہ شادی کی وجہ سے ہی ان کی فٹنس کا معیار کم ہوا ہے۔ اپنے ایک انٹرویومیں فٹنس سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ شادی کے بعد کچھ دعوتیں وغیرہ بھی ہوتی ہیں اور ان میں مرغن غذائیں کھانی پڑتیں ہیں۔اگر آپ نہ کھائیں تو کچھ قریبی رشتہ دار ناراض ہوجاتے ہیں اور جب میز پر اتنی مزے مزے کی ڈشز ہوں تو تھوڑی بد احتیاطی ہوہی جاتی ہے لیکن مجھے معلوم ہے کہ میں ایک کرکٹر ہوں اور اگر کرکٹ کھیلنی ہے تو فٹنس بھی بہتر بنانی ہوگی۔میں اپنی فٹنس کو بہتر بنارہا ہوں اور اس کے ساتھ میں نیٹ پر بھی روزانہ کی بنیاد پر ٹریننگ کررہا ہوں جہاں تک میرے بس میں ہے۔انٹرویومیں سرفرازاحمد نے مزیدکہاکہ ایبٹ آباد کیمپ کا فائدہ ہوا ہے اور پھر اسکل کیمپ میں رہ جانے والی کسر پوری کرلوں گا۔کچھ لوگ سوچ رہے ہیں کہ میں صرف مختصر فارمیٹ تک خود کو محدود کرنا چاہ رہا ہوں تو ایسا نہیں ہے، میرے لئے ٹیسٹ کرکٹ زیادہ اہم ہے۔رہی بات فٹنس کی تو یقیناًفٹنس بہت اہم ہوتی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اسکلز پر بھی بہت کام کرنا پڑتا ہے آپ صرف فٹنس کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی بہت بڑا دھماکہ نہیں کرسکتے ہیں۔میں نے فٹنس کیمپ میں کوچز کی باتوں کو غور سے سنا ہے اور ان کے پلان پر میں بھرپور طریقے سے عمل کررہا ہوں۔