لاہور ( این این آئی) بھارتی کرکٹ بورڈ کے نومنتخب صدر انوراگ ٹھاکر نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر ظہیر عباس کو انڈین پریمئر لیگ کا فائنل دیکھنے کی دعوت دیدی جبکہ ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ خطے میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پاک بھارت بورڈز کے روابط ضروری ہیں ،پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت سے انڈین پریمیئرلیگ کی اہمیت بڑھ جائے گی جبکہ بھارتی کھلاڑیوں کو بھی پاکستان سپرلیگ کھیلنے کی دعوت دی جانی چاہیے ۔گزشتہ روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے نو منتخب صدر انوراگ ٹھاکر کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خطے میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پاک بھارت کرکٹ بورڈز کے روابط ضروری ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر انوراگ نے مجھے آئی پی ایل کے میچز دیکھنے کی دعوت دی ہے اگر میں اس سلسلے میں بھارت دیکھنے گیا تو آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کی بات کروں گا تاہم تاحال آئی پی ایل کے میچز دیکھنے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا۔ آئی پی ایل کے بارے میں صدر آئی سی سی نے کہاکہ پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت سے انڈین پریمیئرلیگ کی اہمیت بڑھ جائے گی، پاکستانی کھلاڑیوں کے آئی پی ایل نہ کھیلنے سے بھارتی انتظامیہ یہ دعویٰ نہیں کر سکتی کہ آئی پی ایل میں پوری دنیا کے کھلاڑی شامل ہیں، انڈین کھلاڑیوں کو بھی پاکستان سپرلیگ کھیلنے کی دعوت دی جانی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچز کو پوری دنیا میں اہمیت حاصل ہے تاہم کچھ معاملات کی بدولت ان کے انعقاد میں رکاوٹ پیش آتی ہے۔ دنوں ملکوں کے کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ کھیلیں گے تو تعلقات بھی بہتر ہوں گے، ایک دوسرے کے کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت کیلئے بلانے سے راستے کھلیں گے۔