اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر راشد لطیف نے سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ ساتھ ایک روزہ ٹیم کا کپتان بنانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سونپنے کا اعلان کیا تاہم راشد لطیف نے کہا کہ سرفراز احمد کو زیادہ سے زیادہ تجربے کی فراہمی کیلئے ایک روزہ ٹیم کی باگ ڈور بھی سونپی جائے۔واضح رہے کہ قومی ٹیم رواں سال اب صرف تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی جن میں سے ایک انگلینڈ اور دو چیمپیئن ویس انڈین ٹیم کے خلاف شیڈول ہیں۔ راشد لطیف کا کہنا ہے کہ سرفراز کی قائدانہ صلاحیتوں کو جانچنے کیلئے یہ انتہائی کم میچز ہیں لہٰذا انہیں ایک روزہ ٹیم کی قیادت بھی سونپی جائے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ تجربہ حاصل کر سکیں۔سرفراز کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنانے پر اپنی رائے دیتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز کو قیادت سونپنا قومی ٹیم کی شکستوں سے ہونے والی تباہی پر قابو پانے کی کوشش ہے اور کرکٹ بورڈ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی ناقص کارکردگی کو پس پشت ڈالنا چاہتی ہے جہاں ہماری ٹیم صرف بنگلہ دیش کے خلاف گروپ میچ جیت سکی۔