کولکتہ (نیوزڈیسک) ورلڈ ٹونٹی 20 فائنل کے اختتامی اوور میں کارلوس بریتھ ویٹ سے لگاتار 4 چھکے کھانے والے بین اسٹوکس کا سوگ ختم نہیں ہوا۔وہ اس ہار پر انتہائی دل شکستہ ہیں، ادھر کپتان مورگن نے فائنل میں ناکامی کا ملبہ بین اسٹوکس پر ڈالنے کے بجائے کہا کہ جب ہم کامیابی کو ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرتے ہیں اسی طرح فیلڈ میںملنے والے ’دکھ‘ بھی مشترکہ ہیں، میں پیسرکو اس ناکامی کا ذمہ دار قرار نہیں دے سکتا، البتہ مورگن نے یہ ضرور کہا کہ آخری اوور اسٹوکس کیلیے انتہائی سفاک ثابت ہوا جس نے انھیں توڑ پھوڑ کر رکھ دیا۔ دوسری جانب اسٹوکس سے کرکٹ برادری نے ہمدردی ظاہر کی ہے، سابق آل رائونڈر اینڈریو فلنٹوف نے کہا کہ اسٹوکس بدستور میرا ہیرو ہے۔کیون پیٹرسن نے کہا کہ ’اسٹوکس اسے صرف ایک غلطی سمجھے، ایسا ہربڑے کھلاڑی کے ساتھ ہوتا ہے‘۔ سابق جنوبی افریقی اوپنر ہرشل گبز نے کہا کہ یہ بھی اسٹوکس کے سیکھنے کیلیے ایک بڑا سبق ہے، اپنی سپورٹ پر اسٹوکس بھی سب کا شکریہ ادا کرنا نہیں بھولے۔