ڈھاکہ (نیوز ڈیسک) بنگلہ دیش نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اپیل کی ہے کہ غیر قانونی بولنگ ایکشن کے باعث پابندی لگنے والے فاسٹ بولر تسکین احمد پر سے پابندی اٹھا لی جائے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے دو بولروں آف سپنر عرفات سنی اور فاسٹ بولر تسکین احمد کے بولنگ ایکشنز کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انھیں فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ سے معطل کر دیا ۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ دونوں بولروں کے ایکشنز کا جائزہ لیا گیا ‘ عرفات کا بولنگ کروانے کے دوران بازوں کا خم 15 ڈگری سے زیادہ ہے ‘ جو آئی سی سی کے قوانین کے خلاف ہے۔چنائی میں واقع آئی سی سی کے ٹیسٹنگ مرکز میں ان دونوں بولروں کے بائیومکینک تجزیے کیے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ تسکین احمد کے بولنگ کو بھی قانونی قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔پابندی کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کے دوران ٹیم میں متبادل بولروں کو شامل کرنے کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت لینا ہو گی۔برطانوی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم تسکین پر لگی پابندی پر قائل نہیں ہیں۔ ہمارے پاس کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم تسکین کے بارے میں رپورٹ پر مطمئن ہوں۔انھوں نے کہا کہ اور یہ مایوس کن بات ہے اور اسی لیے ہم نے آئی سی سی سے اپیل کی ہے ‘ آئی سی سی قانونی ماہرین کے ہمراہ بیٹھے گی اور ہماری اپیل پر غور کرے گی اور جلد ہی اپنے فیصلے سے ہمیں آگاہ کرےگی۔آئی سی سی کے مطابق بنگلہ دیش کے دونوں بولر بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیل سکتے تاہم بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی رضا مندی سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔