لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان کے سابق کرکٹر سکندر بخت نے کہا ہے کہ ٹیم سے امید نہ رکھنے کا بیان دینے کے بعد اب شہریار خان کو خود ہی استعفیٰ دیدنا چاہئے۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سکندر بخت نے کہا کہ جب ایک کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے ہی ٹیم سے امیدیں نہ رکھنے کا بیان دیدیا ہے تو اب انہیں خود بھی مستعفی ہونا چاہئے۔ کیا وہ نہیں جانتے تھے کہ پاکستانی ٹیم کی رینکنگ کیا ہے؟ جب مسلسل رینکنگ نیچے گر رہی تھی تب فیصلے کیوں نہیں لئے گئے؟ کپتان اور کوچ بنانے کافیصلہ بھی انہوں نے خود ہی کیا اور اب وہ کہہ رہے ہیں کہ قومی ٹیم سے کسی قسم کی امیدیں نہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ انتخاب عالم بھی انتہائی سینئر ہیں اور ”200“ سال سے ٹیم کے ساتھ ہیں انہیں پچ کے بارے میں کیوں نہیں معلوم ہو سکا۔ انہوںنے کہاکہ تمام ذمہ داران کو خود سے متعلق فیصلہ کر لینا چاہئے۔ سکندر بخت نے اس موقع پر قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کے بارے میں شہریار خان کے بیان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ انہیں کیا ضرورت تھی شاہد آفریدی کی کپتانی سے متعلق بات کرنے کی؟ ان کا بیان سن کر شاہد آفریدی کا مورال ویسے ہی گر چکا ہو گا اور اب ان سمیت ٹیم سے کس طرح کی کارکردگی کی امید رکھی جا سکتی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ اگر شہریارخان سے شاہد آفریدی کی کپتانی سے متعلق سوال پوچھ بھی لیا گیا تھا تو انہیں کہہ دینا چاہئے تھا کہ اس بارے میں ورلڈکپ کے بعد بات کریں گے۔