اسلام آباد (نیوزڈیسک) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اور سینئر بلے باز مصباح الحق نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی پورے ٹورنامنٹ میں اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھیں تو ٹیم ورلڈ ٹی ٹونٹی ضرور جیتے گی ¾ قومی ٹیم کو آسان حریف تصور کر نا حریف ٹیموں کےلئے بے وقوفی ہوگی ، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں گرین شرٹس کو آسان حریف تصور کرنا حریف ٹیموں کیلئے بے وقوفی ہو گی، مجھے اپنی ٹیم کی طاقت کا اندازہ ہے اور وہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم مقصد کے حصول کیلئے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں شہزاد اور حفیظ نے بھی عمدہ پرفارم کیا، دونوں سینئر پلیئر ہیں انہیں چاہیے کہ وہ بقیہ میچز میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں آفریدی کی کارکردگی پلس پوائنٹ ہے ، اگر وہ پورے ٹورنامنٹ میں اسی تسلسل کے ساتھ کارکردگی دکھاتے رہے تو ٹیم کے ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹائٹل جیتنے کے امکانات بھی زیادہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں کامیابی کیلئے باﺅلرز کو اس کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو جلد آﺅٹ کرنا ہو گا جس طرح نیوزی لینڈ نے کیا تھا۔