لاہور( نیوزڈیسک) کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے پاک بھارت ٹاکرے پر کروڑوں کا جواءکھیلا جائے گا ، پولیس نے جواریوں کےخلاف کریک ڈاﺅن کےلئے منصوبہ بندی کرتے ہوئے مخبروں کو متحرک کر دیا ، جواریوں نے بھی پولیس کے چھاپوں اور گرفتاریوں سے بچنے کےلئے خفیہ مقامات پر ا نتظامات کر لئے ۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹ کی دنیا اور ٹی ٹونٹی کے میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ (آج )ہفتہ کو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کولکتہ کے ایڈ ن گارڈن اسٹیڈیم میں ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق آج کے میچ پر کروڑوںروپے کا سٹہ کھیلا جائے گا اور جواری بھی دونوں ٹیموں کو فیورٹ قرار دینے کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں۔ جواریوں میںیہ سوچ پائی جارہی ہے کہ بھارتی ٹیم کی نیوزی لینڈ سے شکست جبکہ پاکستانی ٹیم کی بنگلہ دیش کےخلاف بہترین کارکردگی کی وجہ سے کچھ نہیں کہا جا سکتا تاہم مضبوط بالنگ اٹیک کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ دوسری طرف پولیس نے آج پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پر سٹہ بازی روکنے کے لئے وسیع پیمانے پر کریک ڈاﺅن کے لئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور اس سلسلہ میں تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو متحرک کر دیاگیا ہے جنہوں نے مخبروں کو متحرک کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جواریوں نے پولیس کے چھاپوں اور گرفتاریوں سے بچنے کےلئے خفیہ مقامات پر اپنے انتظامات مکمل کر لئے ہیں جہاں صرف ٹیلیفون پر رابطے کئے جائیں گے اور اپنے انتہائی قابل اعتبار افراد کے علاوہ کسی کو ان مقامات کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی جارہی۔