لاہور(نیوز ڈیسک ) پولیس نے بھارت میں جاری ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں جواریوں کےخلاف کریک ڈاﺅن کےلئے گلی محلے کی سطح پر اپنے مخبروں کو متحرک کر دیا ، جواریوں نے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے پاک بھارت میچ کے دوران پولیس کے چھاپوں سے بچنے کےلئے خفیہ مقامات پر انتظامات شروع کر دئیے ۔ ذرائع کے مطابق بھارت میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے مقابلوں کا آغاز ہونے سے قبل ہی پولیس کی طرف سے جواریوں کےخلاف کریک ڈاﺅن کےلئے منصوبہ بندی کر لی گئی تھی جسکے لئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں ۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے میچوں پر سٹہ بازی کو روکنے کےلئے اپنے مخبروں کی اطلاعات پر مختلف علاقوں سے کئی گرفتاریاں کی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان 19مارچ کو ہونے والے میچ پر اربوں روپے کا سٹہ کھیلا جائے گا ۔بھارت کی پہلے میچ میں بد ترین شکست اور پاکستان کی پہلے میچ میں بہترین کارکردگی پر سٹہ کھیلنے والے تذبذب کا شکار ہو گئے ہیں جبکہ اس سے پہلے بھارت کو فیورٹ قرار دیا جارہا تھا ۔ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ جواریوں نے پاک بھارت میچ کے دوران پولیس کے چھاپوں سے بچنے کےلئے خفیہ مقامات پر انتظامات شروع کر دئیے ہیں اور اس سلسلہ میں پوش علاقوں کے گھروں کے علاوہ ہوٹلوں میں بھی کمرے بک کرانے کی اطلاعات ہیں۔