کلکتہ (نیوز ڈیسک) پاکستان بنگلہ دیش کیخلاف ورلڈ ٹی 20 میں اپنا میچ کل کلکتہ میں کھیلے گا ، شاہینوں نے میچ سے قبل اپنا خون گرمانے کیلئے پریکٹس کی۔گرین شرٹس میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ آج بنگلہ دیش کیخلاف کھیلیں گے ، قومی ٹیم نے اپنی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی خامیوں پر قابو پانے کیلئے خوب پریکٹس کی۔ٹی 20 کپتان گزشتہ روز وارم اپ میچ میں انڈے پر آوٹ ہونے کے غم میں طبیعت نا ساز کر بیٹھے، لالہ نے ڈاکٹرز کی ہدایت کیمطابق پریکٹس سیشن میں حصہ نہ لیا لیکن امید کی جا رہی ہے کہ وہ بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں ان ایکشن نظر آئیں گے عدم شرکت پر سرفراز احمد کپتانی کیلئے تیار ہیں ، آج دوسرا میچ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا ۔شاہین اور بنگالی ٹائیگرز پاکستانی وقت کیمطابق دوپہر ڈھائی بجے میدان میں اتریں گے۔جبکہ اس سے پہلے کلکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں پاکستان نے پہلی کامیابی سمیٹتے ہوئے سری لنکا کو 15 رنز سے شکست دی ہے۔ واضح رہے بنگلہ دیش کی ٹیم ورلڈ ٹی 20 سے قبل لگاتار دو ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستانی ٹیم کو ہرا چکی ہے جن میں حالیہ ایشیا کپ میں جیت بھی شامل ہے اور اس شاندار کارکردگی کو دوہرانے کے لیے اس کے حوصلے بہت بلند ہیں۔بنگلہ دیشی ٹیم ورلڈ ٹی 20 کے کوالیفائنگ راو¿نڈ میں ناقابل شکست رہی ہے اور اس نے ہالینڈ اور اومان کو شکست دی جبکہ آئرلینڈ کے خلاف میچ کا نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔پاکستانی ٹیم سنہ 2009 میں ورلڈ ٹی 20 جیت چکی ہے لیکن اس کے بعد سے اپنے پسندیدہ فارمیٹ پر اس کی گرفت کمزور پڑ چکی ہے۔سنہ 2010 اور 2012 میں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی تھی لیکن دو سال پہلے بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی 20 میں وہ سیمی فائنل میں بھی نہ پہنچ سکی۔پاکستانی ٹیم کی حالیہ مایوس کن کارکردگی کے سبب مبصرین اور ماہرین ورلڈ ٹی 20 میں اسے فیورٹ ٹیموں میں شامل کرنے سے گریز کررہے ہیں لیکن یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ غیرمستقل مزاجی ہی پاکستانی ٹیم کی اصل خوبصورتی ہے جس کے نتیجے میں وہ کسی بھی وقت کسی بھی بڑی ٹیم کو چونکا سکتی ہے ۔