اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) سپاٹ فکسنگ کیس میں سزایافتہ ٹیسٹ فاسٹ باؤلر محمد آصف نے بھی آفریدی کی قیادت پر سوالیہ نشان لگادیاہے اور کہاہے کہ اوپنرز کو تھوڑا وقت لے لیناچاہیے ، ضروری نہیں کہ پہلے ہی اوور میں 10رنز کی اوسط پر جائیں۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے محمد آصف نے کہاکہ جس طرح قومی ٹیم یواے ای سے جیتی ، مایوس کن ہے ، ٹیم کو زیادہ رنز سے جیتنا چاہیے تھا تاکہ تینوں ٹیموں کے پوائنٹس برابرہوتے تو قومی ٹیم کو زیادہ فائدہ ہوتا، اْنہوں نے کہاکہ مجموعی طورپر باؤلنگ اچھی رہی لیکن بیٹنگ اور قیادت میں تھوڑا سامسئلہ ہواہے ، آپ کی بیٹنگ بھی نہیں چل سکی۔۔ایک سوال کے جواب میں اْن کاکہناتھاکہ اوپنرز کا پرفارم کرنابہت ضروری ہے ، جارہانہ انداز میں بیٹنگ کرنی چاہیے ، معلوم نہیں کہ اتنی جلدی کس بات کی ہوتی ہے ، اگر اوپنرز فارم میں نہیں ہیں تو اْنہیں دوچار گیندیں کھیل لینی چاہیے ، بھارت کا آغاز بھی اچھانہیں ہوالیکن بعد میں کوہلی اور دھونی نے شاندار کھیل پیش کیا۔