لندن(نیوز ڈیسک) برطانوی پارلیمنٹ نے بگ تھری بننے کے بعد کرکٹ کو پہنچنے والے نقصان پر انگلش کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ جائلز کلارک کو بگ تھری کے معاملے پر وضاحت کے لئے طلب کرلیا۔ غیر ملکی میڈیا کیمطابق برطانوی پارلیمنٹ کی کمیٹی نے بگ تھری کے باعث عالمی کرکٹ کو پہنچنے والے نقصان پر مبنی دستاویزی فلم ’’ ڈیتھ آف جنٹل مین’’ دیکھنے کے بعد اْس وقت کے انگلش کرکٹ بورڈ کے سربراہ جائلز کلارک کو بگ تھری بنانے پر وضاحت کے لئے طلب کرلیا۔ جائلز کلارک سے بگ تھری بنانے کے اغراض و مقاصد اور اس سے حاصل ہونے والے فوائد سے متعلق سوالات کئے جائیں گے۔جائلز کلارک نے سابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سری نواسن اور موجودہ بی سی سی آئی سیکرٹری انوراگ ٹھاکر کے ساتھ مل کر آئی سی سی کے اختیارات 10 ممبرز ٹیموں سے لے کر صرف تین ملکوں بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ میں تقسیم کردیئے تھے اور یہی نہیں بگ تھری نے آئی سی سی کی ایسوسی ایٹس ٹیموں کو ملنی والی سالانہ 60 ہزارڈالر رقم بھی روک لی تھی۔ آئی سی سی پر تین ممالک کے قبضے سے دیگر 7 ممبر ممالک کی کرکٹ کو شدید نقصان پہنچا جب کہ تینوں بڑے بورڈز نے چھوٹے بورڈز کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنے درمیان زیادہ سے زیادہ کرکٹ سیریز کروائیں جس کی وجہ سے کرکٹ کو شدید نقصان پہنچا اور دستاویزی فلم بھی اسی پر مبنی ہے جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ اور انگلش کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہان کے بیانات بھی ہیں۔