لاہور (نیوز ڈیسک)اگلے ماہ سے بھارت میں شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی سے پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیوں کاامکان ہے، پی سی بی کی طرف سے ویسٹ انڈین لیجنڈ بلے باز ویون رچرڈز کو پاکستانی ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ اور پاکستانی آل راﺅنڈر اظہر محمود کوباﺅلنگ کنسلٹنٹ کے طور پر تعینات کرنے کے لئے مذاکرات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی سے پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیوں کے امکانات ہیں۔پی سی بی نے موجودہ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلار کو ان کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ ویون رچرڈز کی خدمات حاصل کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔جبکہ مشتاق احمدجو کہ پاکستانی قومی ٹیم کے لیے باﺅلنگ کنسلٹنٹ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ان کو تبدیل کر کے ان کی جگہ مایہ ناز پاکستانی آل راﺅنڈر اظہر محمو د کو باﺅلنگ کنسلٹنٹ کے طور پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے دونوں کھلاڑیوں کے ساتھ مذاکرات کا سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے ۔