اسلام آباد(نیوز ڈیسک)انٹرنیشنل کونسل نے پاکستان سے سیریز کیلئے میچ آفیشلز کی سیکیورٹی پر تحفظات ظاہر کردیئے ہیں۔ کوارٹر فائنل میں بھارت سے شکست پر علیم ڈار کے پتلے جلانے پر کونسل نے سخت تشویش ظاہر کی۔ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا ملبہ بنگلہ دیش نے امپائرنگ پرڈال دیا تھا۔بنگلہ دیشی شائقین نے امپائرز کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ جن میں پاکستان کے ایوارڈز یافتہ امپائر علیم ڈار کے پتلے تک جلائے گئے۔ یہ بھی دعویٰ کیاگیاکہ بھارتی ایما پر بنگلہ دیش کے خلاف جان بوجھ کر غلط فیصلے کئے گئے۔اس تمام تر صورتحال میں آئی سی سی اپنے میچ آفیشلز پاکستان کیخلاف ہوم سیریز کیلئے بنگلہ دیش بھیجنے سے ہچکچا رہی ہے۔ پی سی بی نے بھی تحفظات ظاہر کئے ہیں۔ اس بات کا انکشاف خود بنگلہ دیشی بورڈ کے صدر نظم الحسن نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے غیررسمی طور پر ہم سے کہاہے کہ علیم ڈار کا پتلا جلانے کے بعد امپائرز کو کافی تشویش ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی اپنی تشویش ظاہر کی جو ایک فطری بات ہے۔نظم الحسن نے امید ظاہرکی ہے کہ کوئی بڑا واقعی پیش نہیں آئے گا۔انہوں نےآئی سی سی کو میچ آفیشلز کی بھرپور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے۔