اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ورلڈ کپ میں کرکٹ ٹیم کی عبرتناک شکستوں کے باوجود پی سی بی حکام کو سیر سپاٹوں سے ہی فرصت نہیں ہے۔ایک طرف قوم سخت مایوسی کے عالم میں گھری ہوئی ہے لیکن دوسری جانب گورننگ بورڈ کے ارکان ان کے ٹیکسوں کی رقم سے بیرون ملک تفریح کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گورننگ بورڈ کے رکن منصور مسعود آسٹریلیا یاترا کے بعد انگلینڈ واپس چلے گئے، وہ لندن میں ایک پاکستانی بینک میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں۔ایک اور رکن یوسف نسیم اور سیکریٹری آئی پی سی اعجاز چوہدری آسٹریلیا روانہ ہوچکے ہیں۔ یاد رہے کہ گورننگ بورڈ نے اپنے آخری اجلاس میں ورلڈ کپ کے دوران ارکان کے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جانے کی منظوری دی تھی، اس پر تین کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔چیئر مین پی سی بی شہریار خان اور اقبال قاسم نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے دورے سے انکار کر دیا تھا، اس موقع پر اکثریت بیرون ملک جانے کے لیے بے تاب تھی جس کے بعد قرارداد کو منظور کر لیا گیا۔