برسبین (نیوز ڈیسک) جوئے اڈوں پر جانے والے چیف سلیکٹر نے آسٹریلیا میں سامان رخصت باندھ لیا ، ٹکٹ ملتے ہی وطن واپسی کی راہ لیں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان پر جوا خانہ جانے کے الزامات درست ثابت ہوگئے۔ پی سی بی کے ہنگامی اجلاس میں انہیں فوری طور پر وطن واپس بلانے کا حکم دیدیا۔ ذرائع کے مطابق معین خان وطن واپسی پر اپنے عہدے سے استعفٰی کا اعلان کریں گے۔ قومی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے اپنی تحقیقات میں معین خان کے کسینو جانے کے الزامات کو درست قرار دیا اور بورڈ کو بھجوائی گئی رپورٹ میں تحریر کیا کہ معین خان میچز سے پہلے آسٹریلیا اور پھر نیوزی لینڈ کے جوئے خانوں میں انجوائے کرتے رہے۔ دوسری جانب اپنا مستقبل داو¿ پر لگانے والے معین خان مسلسل جھوٹ بولتے رہے۔ پہلے کہا کہ کھلاڑیوں پر نظر رکھنے کے لیے جوئے اڈے کا رخ کرتا تھا پھر کہنے لگے کہ بیگم کے ساتھ کھانا کھانے کے لیے کسینو گیا تھا۔ چیف سلیکٹر کے ورلڈ کپ جانے پر 50 سے زائد لاکھ روپے خرچ کرنیوالے بورڈ نے بالاآخر انہیں واپسی کا حکم دیدیا ہے ، آج ٹکٹ ملتے ہی وہ وطن کی راہ لیں گے۔