اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مصر میں ایک عیسائی شہری نے قرآن پاک سے متعلق معلوماتی مقابلے میں حصہ لے کر مفت عمرہ پیکیج جیت لیا،
تاہم اس انعام کو اپنے لیے رکھنے کے بجائے اپنی مسلمان پڑوسن کو دینے کا فیصلہ کیا۔رپورٹس کے مطابق مینا نامی شخص کا مقصد خود عمرہ کرنا نہیں تھا بلکہ وہ اپنی مسلمان پڑوسن، جنہیں امِ علی یا مونا کے نام سے جانا جاتا ہے، کی عمرے کی خواہش پوری کرنا چاہتا تھا۔مینا نے بتایا کہ اس نے اسلامی مبلغ ڈاکٹر ایمن ابو عمر کی سوشل میڈیا پر براہِ راست نشریات دیکھی، جہاں اس کی پڑوسن عمرہ پیکیج حاصل کرنے کی امید میں قرآن پاک سے متعلق سوالات کے جوابات دے رہی تھیں۔ پڑوسن کی خواہش کا علم ہونے کے بعد مینا نے بھی مقابلے میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔مینا کا کہنا تھا کہ وہ عیسائی ہے لیکن اس کے باوجود اس نے اسلامی معلومات پر مبنی اس مقابلے میں شرکت کی، کیونکہ اس کا مقصد اپنی پڑوسن کے لیے عمرے کا موقع حاصل کرنا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مقابلے میں شامل ہونے سے پہلے انہوں نے امِ علی کو یقین دلایا کہ اگر وہ خود کامیاب نہ ہو سکیں تو وہ ان کی جانب سے مقابلے میں حصہ لینے کی کوشش کریں گے تاکہ انعام انہیں دلوایا جا سکے۔مقابلے کے دوران مینا نے متعدد سوالات کے درست جوابات دیے اور تقریباً 50 سے 60 سوالات کے صحیح جواب دینے کے بعد مفت عمرہ پیکیج جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔مینا نے واضح کیا کہ مقابلے میں کامیابی کے بعد حاصل ہونے والا عمرہ کا انعام وہ اپنی مسلمان پڑوسن کو دینے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاکہ ان کی دیرینہ خواہش پوری ہوسکے۔
مسيحي يفوز بمسابقة عن القرآن ليهدي جارته عمرة#مراسلو_سكاي pic.twitter.com/OJD4VDy2HI
— سكاي نيوز عربية (@skynewsarabia) August 21, 2026



















































