اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اسلام آباد کے بعض سرکاری اسکولوں میں سیکیورٹی خدشات اور احتجاج کے پیش نظر کل تدریسی سرگرمیاں معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسکول انتظامیہ کی جانب سے والدین کو بھی تعطیل کے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سیکٹر جی سیون اور ستارہ مارکیٹ میں قائم اسکولوں میں پولیس اہلکاروں کو ٹھہرانے کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ سیکٹر ایف سیون تھری کے سرکاری اسکول میں بھی کل چھٹی ہوگی۔
دوسری جانب ممکنہ احتجاجی مارچ اور دھرنوں کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنا شروع کردیئے ہیں۔ ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کرنے کے ساتھ خیبرپختونخوا سے آنے والے مظاہرین کو شہر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے اہم شاہراہوں پر خندقیں کھودنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مختلف سڑکوں پر رکاوٹیں قائم کرنے کے لیے خالی کنٹینرز میں مٹی کی بوریاں بھرنے کا کام جاری ہے، جبکہ مزدوروں نے حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کے لیے کام کی رفتار بڑھا دی ہے۔



















































