اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایران جنگ کے باعث متحدہ عرب امارات میں فضائی آپریشن متاثر ہونے لگا ہے، دبئی، ابوظہبی اور شارجہ کے ہوائی اڈوں سے خلیجی ممالک کے لیے متعدد پروازیں منسوخ جبکہ کئی پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق بحرین، کویت اور سعودی عرب جانے والی مختلف پروازیں منسوخی یا تاخیر سے دوچار ہوئی ہیں۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی متعلقہ پرواز کی تازہ صورتحال لازمی چیک کریں۔
فلائی دبئی کی متعدد پروازیں منسوخ
فلائی دبئی نے دبئی سے بحرین، ابہا اور ینبع کے لیے آج کی بعض پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ اس کے علاوہ بلغراد، ماسکو، الماتی اور منسک جانے والی پروازوں میں بھی تاخیر کی اطلاعات ہیں۔
ایئرلائن کی جانب سے مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پرواز کے مقررہ وقت سے کم از کم 4 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں۔
اتحاد ایئرویز کے اوقات میں تبدیلی
اتحاد ایئرویز کی متعدد پروازوں کے روانگی کے اوقات بھی تبدیل کیے گئے ہیں۔ ابوظہبی سے حیدرآباد جانے والی پرواز EY353 کو 6:40 کے بجائے 7:44 پر روانہ کیا جائے گا۔
اسی طرح پرواز EY233 ابوظہبی سے بنگلورو کے لیے 7:00 کے بجائے 7:54 پر جبکہ EY303 ابوظہبی سے اسلام آباد کے لیے 7:10 کے بجائے 7:59 پر روانہ ہوگی۔
ایئر عربیہ کا فضائی نیٹ ورک زیادہ متاثر
رپورٹس کے مطابق ایئر عربیہ کی پروازیں بھی بڑے پیمانے پر متاثر ہوئی ہیں اور شارجہ و ابوظہبی سے کویت اور بحرین جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
منسوخ ہونے والی پروازوں میں ابوظہبی سے کویت کی 3L020، کویت سے ابوظہبی کی 3L021، شارجہ سے کویت کی G9068 اور G9124 جبکہ شارجہ سے بحرین کی G9107 اور G9108 شامل ہیں۔
شارجہ سے ابہا جانے والی G9195 اور G9196 بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کئی دیگر پروازوں کی روانگی تاحال نہیں ہوسکی اور ان کا اسٹیٹس ’’Not yet departed‘‘ ظاہر کیا جارہا ہے۔
اسپائس جیٹ کی پرواز بھی منسوخ
دوسری جانب بھارتی ایئرلائن اسپائس جیٹ کی دبئی سے ممبئی جانے والی پرواز SG5113 بھی منسوخ کردی گئی ہے۔ دہلی ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق مسافروں کی معاونت کے لیے ایئرلائن سے رابطہ برقرار رکھا جارہا ہے۔
مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
متحدہ عرب امارات کے ہوا بازی حکام کے مطابق ملک کے بڑے ایئرپورٹس معمول کے مطابق آپریشنل ہیں، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی ممکن ہے۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ گھر سے ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہونے سے پہلے متعلقہ ایئرلائن کی ویب سائٹ یا موبائل ایپ سے فلائٹ اسٹیٹس کی تصدیق کریں۔
اس کے علاوہ مسافروں سے کہا گیا ہے کہ ایئرلائن کے پاس اپنا رابطہ نمبر درست اور اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ ضروری ایس ایم ایس الرٹس بروقت موصول ہوسکیں۔ آن لائن چیک اِن مکمل کرنے اور پرواز سے کم از کم 4 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔



















































