اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے قومی بچت کی دو اہم اسکیموں، ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس اور بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح میں ردوبدل کرتے ہوئے ستمبر 2026 کے لیے نئی شرحیں جاری کردی ہیں۔
نئے ریٹس کے مطابق ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کی مدت 10 سال برقرار رکھی گئی ہے۔ ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر مقررہ مدت مکمل ہونے کے بعد مجموعی رقم 3 لاکھ روپے تک پہنچ جائے گی۔تفصیلات کے مطابق ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر پہلے سال رقم بڑھ کر ایک لاکھ 10 ہزار روپے، دوسرے سال ایک لاکھ 21 ہزار روپے، تیسرے سال ایک لاکھ 33 ہزار روپے، چوتھے سال ایک لاکھ 47 ہزار روپے جبکہ پانچویں سال ایک لاکھ 63 ہزار روپے ہوجائے گی۔اسی سرمایہ کاری پر چھٹے سال رقم ایک لاکھ 82 ہزار روپے، ساتویں سال 2 لاکھ 4 ہزار روپے، آٹھویں سال 2 لاکھ 30 ہزار روپے اور نویں سال 2 لاکھ 62 ہزار روپے تک پہنچ جائے گی۔
دس سال مکمل ہونے پر سرٹیفکیٹ کی میچورٹی رقم 3 لاکھ روپے ہوگی۔دوسری جانب بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں بھی کمی کردی گئی ہے۔ نئی شرح کے تحت ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ 1 ہزار 50 روپے منافع حاصل ہوگا، جو سالانہ حساب سے 12.60 فیصد بنتا ہے۔بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس بنیادی طور پر بیواؤں اور بزرگ شہریوں کی مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائے گئے تھے، تاکہ انہیں باقاعدہ آمدنی کا ذریعہ فراہم کیا جاسکے۔



















































