اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے مفت سولر پینل فراہم کرنے کی اسکیم کے دوسرے مرحلے کی منظوری دے دی ہے،
جس کے تحت مستفید ہونے والے افراد کی تعداد 90 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کردی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی سربراہی میں توانائی کے منصوبوں سے متعلق اجلاس میں بجلی کے بلوں کا بوجھ کم کرنے اور صوبے میں متبادل توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے حوالے سے متعدد اقدامات طے کیے گئے۔اجلاس کے دوران سیکرٹری انرجی نے پنجاب میں جاری توانائی منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سولر اسکیم کے دوسرے مرحلے کی منظوری دیتے ہوئے اس سے فائدہ اٹھانے والے خاندانوں کا کوٹہ بڑھانے کی ہدایت کی۔چولستان کے دور دراز علاقوں میں بجلی کی سہولت بہتر بنانے کے لیے 5 ہزار سولر پینلز کی فراہمی پر مشتمل آزمائشی منصوبہ بھی منظور کیا گیا۔ اس اقدام کے ذریعے مقامی آبادی کو بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد اور سہولت فراہم کی جائے گی۔مریم نواز نے صوبے کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں توانائی کے استعمال کا جائزہ لینے کے لیے انرجی آڈٹ کرانے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسپتالوں کی بجلی کی ضرورت اور کھپت کا جائزہ لے کر مناسب گنجائش کے سولر سسٹم نصب کیے جائیں تاکہ سرکاری اخراجات میں کمی لائی جاسکے۔
اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت فضلے سے بجلی اور بائیو فیول بنانے کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا اور ان کے لیے تفصیلی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ننکانہ صاحب میں فصلوں کی باقیات سے بائیو ریفائنری قائم کرنے کے منصوبے کے علاوہ تجارتی، نجی ڈیری اور کمیونٹی سطح پر بائیو گیس پلانٹس کی تنصیب کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔حکام کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتدائی منصوبے کے تحت پنجاب کے 76 سرکاری اسکولوں کو سولر توانائی پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ حکومتی سروے کے مطابق مفت سولر پینل حاصل کرنے والے صارفین کے بجلی کے بلوں میں تقریباً 50 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ بجلی پر انحصار کم کرنے، متبادل توانائی کے ذرائع کو وسعت دینے اور عوام کو مالی ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف توانائی منصوبوں پر کام جاری ہے۔



















































