اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملائیشیا نے پاکستانی شہریوں سمیت غیر ملکیوں کے لیے طویل المدتی رہائشی سہولت فراہم کرنے والے خصوصی گولڈن ویزا پروگرام کے دروازے کھول دیے ہیں، جس کے تحت 5 سے 20 سال تک قیام کی اجازت حاصل کی جاسکتی ہے۔یہ سہولت ’ملائیشیا مائی سیکنڈ ہوم‘ (MM2H) پروگرام کے تحت دی جارہی ہے،
جس کے ذریعے غیر ملکی شہری سرمایہ کاری یا طویل عرصے تک رہائش اختیار کرنے کی بنیاد پر ملائیشیا میں قیام کرسکتے ہیں۔ملائیشین حکومت نے اس پروگرام میں حالیہ پالیسی تبدیلیوں کے تحت مختلف کیٹیگریز متعارف کرائی ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی افراد اپنی مالی استطاعت اور ضروریات کے مطابق رہائشی سہولت حاصل کرسکیں۔مائی سیکنڈ ہوم پروگرام بیرون ملک سے آنے والے افراد کے لیے ملائیشیا میں طویل المدتی رہائش کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
اس اقدام سے پاکستانی شہریوں کے لیے بھی ملائیشیا میں قیام کے نئے امکانات پیدا ہوں گے، جبکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط اور تعلقات کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔



















































