لاہور( این این آئی)فیکٹری ایریا کے علاقے میں 32 سالہ شازیہ کے اندھے قتل کا چند گھنٹوں میں ڈراپ سین ہوگیا،
مقتولہ 5 ماہ کی حاملہ اور 2 بیٹیوں کی ماں تھی۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے خاتون کے اندھے قتل کی واردات کا نوٹس لیا جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ عاصم افتخار کمبوہ کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن فیکٹری ایریا ظفر اقبال نے تفتیش کا آغاز کیا۔
تحقیقات کے دوران مقتولہ کے سسر کو شامل تفتیش کیا گیا تو اس نے اپنی بہو کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔انچارج فیکٹری ایریا کے مطابق مقتولہ کے بھائی نے ملزم کی بیٹی کو بھگا کر اس سے کورٹ میرج کرلی تھی اور ملزم کو اس بات کا رنج تھا جس نے موقع پا کر اپنی بہو شازیہ کے گلے میں دوپٹہ ڈال کر قتل کردیا۔پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف شواہد کی روشنی میں چالان مرتب کیا جارہا ہے۔



















































