اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سینیٹر خرم ذیشان نے پارٹی عہدے اور سینیٹ کی نشست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنا استعفیٰ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بھجوا دیں گے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے گولڈ مائننگ سے متعلق الزامات عائد کرنے والے افراد کے خلاف ہتک عزت کی قانونی کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں خرم ذیشان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی عہدے اور سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور کل اپنا استعفیٰ پارٹی چیئرمین، جنرل سیکرٹری، اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی لیڈر کو ارسال کردیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی قیادت کی جانب سے ہدایت ملنے پر وہ خود سینیٹ میں پیش ہوں گے اور چیئرمین سینیٹ کے سامنے استعفے سے متعلق تمام آئینی و قانونی کارروائی مکمل کریں گے۔خرم ذیشان نے مزید کہا کہ اگر پارٹی قیادت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مفاد میں ان کا ووٹ استعمال کرنے کا فیصلہ کرتی ہے اور استعفیٰ منظور نہیں کیا جاتا تو وہ اس فیصلے کا احترام کریں گے۔
ان کے بقول ان کا ووٹ عمران خان کی امانت ہے اور وہ اس امانت میں کسی قسم کی خیانت نہیں کریں گے۔سینیٹر نے یہ بھی اعلان کیا کہ مستقبل میں وہ کسی انتخاب میں پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہش مند نہیں ہیں، چاہے معاملہ سینیٹ الیکشن کا ہو یا کسی دوسرے انتخاب کا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ صرف ایک عام پارٹی کارکن اور پاکستانی شہری کی حیثیت سے اپنے ضمیر کے مطابق عمران خان کی جدوجہد کا ساتھ دیتے رہیں گے۔گولڈ مائننگ سے متعلق الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے خرم ذیشان نے کہا کہ ان کے خلاف الزامات لگانے والے افراد کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ شروع کرنے کے لیے وہ اپنے وکلا سے مشاورت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ افراد کو آئندہ چند روز میں قانونی نوٹس بھی بھجوا دیے جائیں گے۔
میں نے پارٹی عہدے اور سینیٹ کی سیٹ سے استعفی کا فیصلہ کیا ہے۔ میں اپنا استعفی پارٹی قیادت بشمول چیرمین اور جنرل سیکرٹری، اپوزیشن لیڈر، اور پارلیمانی لیڈر کو کل ارسال کر دوں گا۔ اور وہ جب کہیں گے خود سینیٹ میں حاضر ہو کر چیرمین سینیٹ کے سامنے اس سے متعلق ہر قانونی تقاضہ پورا کر دوں گا۔
اگر پارٹی فیصلہ کرے کہ خان صاحب کی خاطر مجھے ہر صورت اپنا ووٹ استعمال کرنا ہے اور وہ میرا اسعفی قبول نہ کرے تو اس صورت میں بھی میرا ووٹ خان صاحب کی امانت ہے اس میں خیانت نہیں کروں گا۔ ساتھ ہی پارٹی کو آگاہ کرتا ہوں کہ آئندہ انتخاب میں بھی کسی بھی ٹکٹ کا خواہشمند نہیں ہوں، چاہے وہ سینیٹ کا ہو یا کوئی بھی اور الیکشن۔
صرف ایک عام۔پارٹی کارکن، ایک عام پاکستانی کی حیثیت سے اپنے ضمیر کے مطابق خان صاحب کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا رہوں گاگولڈ مائننگ کا الزام لگانے والوں کے لئے:
جھوٹ بولا ہے تو قائم بھی رہو اس پر ظفر
آدمی کو صاحب کردار ہونا چاہئیے 🙂اس حوالے سے Defamation کی کاروائی اپنے وکیل دوستوں سے مشورے کے بعد بہت جلد شروع کر دوں گا۔ قانونی نوٹس اگلے چند دن میں الزام لگانے والوں کو مل جائے گا
— Khurram Zeeshan (@khurramzeeshan) November 15, 2026



















































