کراچی (این این آئی) پاکستان کی اسمارٹ فون مارکیٹ میں تقریباً 30 سے 35 ہزار روپے کے بجٹ میں نئے موبائل فون خریدنے کے خواہشمند صارفین کے لیے پانچ نمایاں ماڈلز دستیاب ہیں،
جن میں آئی ٹیل سٹی 200، شیاؤمی ریڈمی اے 7 پرو، ٹیکنو اسپارک گو 3، آئی ٹیل اے 200 پلس اور شیاؤمی ریڈمی اے 5 شامل ہیں۔یہ تمام فونز آفیشل وارنٹی کے ساتھ مارکیٹ میں موجود ہیں اور ان کی قیمتیں 29 ہزار 995 روپے سے 34 ہزار 995 روپے کے درمیان ہیں۔مارکیٹ تجزیئے کے مطابق ان ماڈلز میں صارفین کو کیمرے، بڑی اسکرین، زیادہ اسٹوریج اور پائیدار بیٹری جیسے فیچرز کے مختلف انتخاب ملتے ہیں۔ماہرین نے بتایا کہ 34 ہزار 995 روپے قیمت کے ساتھ آئی ٹیل سٹی 200 کو مجموعی کارکردگی کے لحاظ سے اس فہرست میں پہلا نمبر دیا گیا ہے۔ فون میں 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج موجود ہے، جو اسی قیمت کے شیاؤمی اور ٹیکنو ماڈلز کے مقابلے میں دگنی اسٹوریج فراہم کرتی ہے۔اس میں 50 میگا پکسل کا مرکزی اور 8 میگا پکسل کا سیلفی کیمرہ دیا گیا ہے، جبکہ 6.78 انچ کی 120 ہرٹز آئی پی ایس ایل سی ڈی اسکرین 700 نٹس تک روشنی فراہم کرتی ہے۔
یہ فہرست کا واحد فون ہے جو آئی پی 65 تحفظ اور فوجی معیار ایم آئی ایل ایس ٹی ڈی 810 ایچ کے مطابق گرنے سے بچاؤ کی خصوصیت رکھتا ہے۔صرف 7.5 ملی میٹر موٹائی کے ساتھ یہ فہرست کا سب سے پتلا فون بھی ہے۔ اس میں مکمل اینڈرائیڈ 15، 18 واٹ چارجنگ، 5,200 ایم اے ایچ بیٹری اور یونی سوک ٹی 7250 پروسیسر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ34 ہزار 495 روپے قیمت کے ساتھ شیاؤمی ریڈمی اے 7 پرو دوسرے نمبر پر ہے۔ یہ فہرست کی سب سے بڑی اور روشن اسکرین والا فون ہے۔ جون 2026 میں متعارف کرائے گئے اس ماڈل میں 6.9 انچ کا 120 ہرٹز ڈسپلے ہے، جس کی روشنی دھوپ میں 800 نٹس تک پہنچ جاتی ہے۔فون میں 6,000 ایم اے ایچ بیٹری اور 15 واٹ چارجنگ کی سہولت موجود ہے۔ 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج کے ساتھ اس میں مکمل ہائپر او ایس 3 دیا گیا ہے، جس میں گوگل جیمینائی اور سرکل ٹو سرچ جیسے فیچرز شامل ہیں۔تاہم 64 جی بی اسٹوریج، 13 میگا پکسل کیمرے اور باضابطہ آئی پی ریٹنگ نہ ہونے کے باعث یہ آئی ٹیل سٹی 200 سے پیچھے ہے۔ پاکستان میں اس کا 4 جی ماڈل فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔34 ہزار 995 روپے قیمت کا ٹیکنو اسپارک گو 3 اپنی مضبوط ساخت کے باعث تیسرے نمبر پر ہے۔ اس میں 4 جی بی ریم، 64 جی بی اسٹوریج، 6.74 انچ کی 120 ہرٹز اسکرین، 13 میگا پکسل کا مرکزی کیمرہ اور 5,000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے، جو اس فہرست میں سب سے کم گنجائش کی بیٹری ہے۔یہ فون مکمل اینڈرائیڈ 15 پر چلتا ہے اور آئی پی 64 تحفظ کے علاوہ 1.2 میٹر کی بلندی سے گرنے کی مزاحمت رکھتا ہے۔ اس میں ہیڈفون جیک، ایف ایم ریڈیو، ڈوئل بینڈ وائی فائی اور میموری کارڈ کے لیے علیحدہ سلاٹ بھی موجود ہے۔آئی ٹیل اے 200 پلس اس فہرست کا سب سے سستا فون ہے اور 30 ہزار روپے سے کم قیمت میں دستیاب واحد ماڈل بھی ہے۔ اس کے 128 جی بی اسٹوریج والے ورڑن کی قیمت 29 ہزار 995 روپے ہے۔
فون میں 6,000 ایم اے ایچ بیٹری، 18 واٹ چارجنگ، 6.75 انچ کی 120 ہرٹز اسکرین، 13 میگا پکسل کیمرہ اور آئی پی 65 تحفظ کے ساتھ 1.8 میٹر تک بلندی سے گرنے کے خلاف مزاحمت دی گئی ہے۔تاہم 3 جی بی فزیکل ریم اور اینڈرائیڈ 15 گو ایڈیشن کے باعث بھاری ایپس اور بیک وقت متعدد ایپس استعمال کرنے کے دوران اس کی کارکردگی قدرے سست ہوسکتی ہے، اسی لیے اسے چوتھے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ کم قیمت میں 128 جی بی اسٹوریج اور بڑی بیٹری اسے ریڈمی اے 5 کے مقابلے میں بہتر متبادل بناتے ہیں۔33 ہزار 995 روپے قیمت کے ساتھ شیاؤمی ریڈمی اے 5 اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے۔ اس میں 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج کے علاوہ 32 میگا پکسل کا مرکزی کیمرہ دیا گیا ہے، جو آئی ٹیل سٹی 200 کے 50 میگا پکسل کیمرے کے بعد اس فہرست میں دوسرا نمایاں کیمرہ ہے۔فون میں 6.88 انچ کی 120 ہرٹز اسکرین، 5,200 ایم اے ایچ بیٹری اور میموری کارڈ کے لیے علیحدہ سلاٹ بھی موجود ہے۔ تاہم 2025 میں متعارف ہونے اور اینڈرائیڈ 15 گو ایڈیشن پر چلنے کے باعث یہ فہرست کا پرانا ماڈل ہے۔ صرف 500 روپے اضافی خرچ کرکے صارفین ریڈمی اے 7 پرو خرید سکتے ہیں، جس میں نسبتاً جدید سافٹ ویئر، بڑی اسکرین اور زیادہ گنجائش کی بیٹری دستیاب ہے۔
مارکیٹ تجزیے کے مطابق فون کا انتخاب صارف کی ضروریات اور بجٹ پر منحصر ہے۔ تقریباً 35 ہزار روپے تک خرچ کرنے والے صارفین کے لیے 50 میگا پکسل کیمرے، 128 جی بی اسٹوریج اور مضبوط ساخت کے باعث آئی ٹیل سٹی 200 ایک موزوں انتخاب ہے۔بڑی اسکرین اور جدید سافٹ ویئر کو ترجیح دینے والے صارفین ریڈمی اے 7 پرو کا انتخاب کرسکتے ہیں، جبکہ مضبوط باڈی اور ایف ایم ریڈیو سمیت اضافی سہولیات کے خواہشمند افراد کے لیے ٹیکنو اسپارک گو 3 بہتر متبادل ہے۔ دوسری جانب 30 ہزار روپے سے کم بجٹ میں بڑی بیٹری اور زیادہ اسٹوریج حاصل کرنے کے خواہشمند صارفین آئی ٹیل اے 200 پلس پر غور کرسکتے ہیں۔



















































