ابو قلابہ سے مروی ہے ’’میں نے شام کے بازار میں ایک آدمی کی آوازسنی جو ’’آگ آگ‘‘ چیخ رہا تھا۔ میں قریب گیا تو میں نے دیکھا کہ اس کے دونوں ہاتھ اور دونوں پیر ٹخنوں سے کٹے ہوئے ہیں۔ اور دونوں آنکھوں سے اندھا منہ کے بل زمین پر پڑا گھسٹ رہا ہے اور ’’آگ آگ‘‘ چیخ رہا ہے میں نے اس سے حال دریافت کیا تو اس نے کہا کہ میں ان لوگوں میں سے ہوں جو حضرت عثمانؓ
کے گھر گھسے تھے۔ جب میں ان کے قریب گیا تو ان کی اہلیہ چیخنے لگیں۔ میں نے ان کے طمانچہ مارا۔ حضرت عثمانؓ نے کہا تجھے کیا ہوگیا؟ عورت پر ناحق ہاتھ اٹھاتا ہے خدا تیرے ہاتھ پاؤں کاٹے تیری دونوں آنکھوں کو اندھا کرے اور تجھے آگ میں ڈالے۔ مجھے بہت خوف معلوم ہوا اور میں نکل بھاگا۔ اب میری یہ حالت ہے جو تم دیکھ رہے ہو۔ صرف آگ کی بددعا باقی رہ گئی ہے۔