حضرت ابوہریرہؓ فرماتے ہیں میں بھی حضرت عثمانؓ کے ساتھ گھر میں محصورتھا۔ ہمارے ایک آدمی کو (باغیوں کی طرف سے) تیر مارا گیا۔ اس پر میں نے کہا اے امیرالمومنین! چونکہ انہوں نے ہمارا ایک آدمی قتل کر دیا ہے اس لیے اب ان سے جنگ کرنا ہمارے لیے جائز ہوگیاہے۔حضرت عثمانؓ نے فرمایا:
اے ابوہریرہ! میں تمہیں قسم دے کر کہتا ہوں کہ اپنی تلوارپھینک دو۔ وہ لوگ تو میری جان لینا چاہتے ہیں اس لیے میں اپنی جان دے کر دوسرے مسلمانوں کی جان بچانا چاہتاہوں۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے ہیں (حضرت عثمانؓ کے اس فرمان پر) میں نے اپنی تلوارپھینک دی اور اب تک مجھے خبر نہیں کہ وہ کہاں ہے؟