اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو کراچی میئر الیکشن سے متعلق بیان پررد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ شاہد خاقان عباسی کی کراچی میئر کے الیکشن پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے حقائق کے منافی ہے۔
اپنے بیان میں سینیٹر سلیم مانڈی والا نے کہاکہ مرتضیٰ وہاب جمہوری طریقے سے صاف شفاف الیکشن کے نتیجے میں میئر منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میئر کا الیکشن سب سے زیادہ صاف شفاف تھا جس پر کسی نے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا۔انہوںنے کہاکہ یہ ایک جمہوری عمل ہوتا ہے کہ ہر جماعت اپنے امیدوار کی کامیابی کے لئے کوشش کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے اندر خود پھوٹ پڑ گئی اور اراکین نے وڈیو بیان جاری کرکے کہا کہ وہ جماعت اسلامی کو ووٹ نہیں دیں گے۔ سلیم مانڈی والا نے کہا کہ اگر کوئی رکن ووٹ کاسٹ نہیں کرنے آیا تو کی یہ بھی پیپلزپارٹی کا قصور ہے؟ ،پیپلزپارٹی پر تنقید کرنے کی بجائے ان اراکین سے پوچھا جائے کہ انہوں نے ووٹ کاسٹ کیوں نہیں کئے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔