اسلام آباد (این این آئی)وزیرمملکت فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ امریکی سازش کے بیانیے میں تبدیلی پرعمران خان کو پوری قوم اوراپنے کارکنوں سے معافی ما نگنی چاہیے، وہ پارلیمان میں رہتے اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کرتے توانہیں امریکا کے پائوں پڑنے کے بجائے آگے جانے کاراستہ ملتا ۔ اتوار کویہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے
وزیرمملکت نے کہاکہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کل مظفرآباد میں مختلف وفود سے ملاقاتیں کریں گے ، وہ قانون سازاسمبلی سے خطاب کریں گے، 23 تاریخ کو وہ جلسے سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے سرینگرمیں جی 20گروپ کا اجلاس بلایا ہے اس صورتحال کے تناظرمیں وزیرخارجہ کشمیرکی سرزمین پرکشمیر یوں کامقدمہ لڑیں گے۔ ا نہوںنے کہاکہ ایس سی او کے بعد چین اورافغانستان کے وزرائے خارجہ کادورہ پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پی پی پی نے کشمیر میں پارلیمانی نظام دیا اورعدالتیں بھی قائم کیں،بی بی شہید نے حریت کانفرنس کواوآئی اسی کی رکنیت دی اورسلامتی کونسل کے اجلاس میں حریت کے وفد کومبصرکے طورپرلے گئے، پی پی پی نے ہمیشہ کشمیرکاز کیلئے کام کیاہے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں ایک حکمران رہے ہیں جو فیس کشمیریوں سے لیتے اورمقدمہ مودی کا لڑتے ۔ انہوں نے کہاکہ پرسوں پی پی پی کی سی ای سی کااجلاس ہوا، آصف علی زرداری اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صدارت کی،اجلاس میں سیاسی صورتحال کاجائزہ لیاگیا اورمعاشی صورتحال پرگفتگو کی گئی ،اس کے علاوہ مردم شماری کے حوالے سے تحفظات کا جائزہ لیاگیا ، معیشت کی صورتحال پرتشویش کااظہارکیاگیا اور فیصلہ کیاگیا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کے سامنے یہ معاملات رکھے جائیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ 9مئی کے واقعات کی سب نے مخالفت کی ہے، پی پی نے کبھی بھی ریاست کے خلاف آواز یابندوق نہیں اٹھائی ، ہم نے آئینی ،قانونی اورجمہوری اصولوں کے مطابق جدوجہد کی ۔انہوںنے کہاکہ جو کام پی ٹی آئی نے کیا وہی کام بی جے پی نے انڈیا میں کیاہے ، آج وہ امریکا کے پائوں میں پڑے ہیں
اگرعمران خان پارلیمان میں رہتے اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کرتے توانہیں آگے جانے کاراستہ ملتا مگر وہ کبھی ایک ادارے اورکبھی دوسرے ادارے سے مددمانگتے رہے ، آج کل وہ امریکا کے پائوں میں پڑے ہیں ، عمران خان کواس پراپنے کارکنوں سے معافی مانگنی چا ہیے اورانہیں بتا دیں کہ ایبسلوٹلی ناٹ پر یوٹرن لے لیاہے، عمران خان نے امریکی سازش سے امریکی غلامی تک کا سفرمکمل کرلیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کوسبوتاژ کرنے کی کوشش کی ، بھارت میں مودی، امریکا میں ٹرمپ اورپاکستان میں عمران خان مسلط کردیا گیا جس سے نقصان ہوا۔ ا نہوںنے کہاکہ 9 مئی کے واقعات میں جوجولوگ ملوث ہیں انہیں قرارواقعی سزا دینی چاہیے، پاکستانی عوام نے افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیاہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان محسن کش انسان ہے
ان کو بھی معاف نہیں کیاجنہوں نے انہیں اقتداردیا تھا۔ ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ ہمارے پاس لوگ آنے کے لیے رابطے کررہے ہیں، جن جن لوگوں نے ریاستی تنصیبات پرحملہ کیاہے انہیں پارٹی میں شامل نہیں کریں گے۔ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ پی پی پی آئین اورقانون کے مطابق پالیسی پرعمل پیرا ر ہے گی، لاہورہائیکورٹ کے فیصلے پرسپیکر لیگل ٹیم کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔