لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی )شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار، دانشور ، ڈرامہ نگار اور پروفیسر شعیب ہاشمی انتقال کرگئے۔اداکار عدیل ہاشمی نے والد شعیب ہاشمی کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
شعیب ہاشمی کی اہلیہ سلیمہ ہاشمی کے مطابق ان کے شوہر گزشتہ 15 برس سے فالج کے مرض میں مبتلا بستر تک محدود تھے۔ وہ بول سکتے تھے اور نہ خود سے چل پھرسکتے تھے۔پاکستان میں ٹیلی ویژن کے ابتدائی دور میں شعیب ہاشمی کے پروگرام زبردست مقبول ہوئے، وہ مشہور ٹی وی پروگرامز اکڑبکڑ، سچ گپ، ٹال مٹول اور باؤ ٹرین کے خالق تھے۔شعیب ہاشمی گورنمنٹ کالج لاہور میں برس ہا برس درس و تدریس سے بھی وابستہ رہے۔
علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے معروف ادبی شخصیت، استاد اور ڈرامہ نگار شعیب ہاشمی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اپنے تعزیتی پیغام میں شعیب ہاشمی مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شعیب ہاشمی نے ڈرامہ نگاری کو نئی جہت عطا کی۔مرحوم شعیب ہاشمی نے اپنی ادبی صلاحیتوں اور قلم کاری سے دو نسلوں کو متاثر کیا۔شعیب ہاشمی کو مزاح نگاری میں بھی ملکہ حاصل تھا۔ شعیب ہاشمی مرحوم کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ محسن نقوی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔