اسلام آباد (این این آئی)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ دھرنا سپریم کورٹ کے سامنے ہی ہوگا، کارکن غلط افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ اپنے بیان میں مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ کچھ شرپسند عناصر غلط فہمیاں پھیلا رہے ہیں کہ دھرنے کی جگہ تبدیل کردیا گیا ہے، دھرنا سپریم کورٹ کے سامنے ہی ہوگا، کارکن غلط افواہوں پر توجہ نہ دیں۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ کارکن اطمینان کے ساتھ آئیں شاہراہ دستور سپریم کورٹ کے سامنے دھرنا ہوگا ، سپریم کورٹ کے باہر دھرنا فی الحال غیر معینہ مدت کیلئے ہوگا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ دھرنہ ختم کرنے سے متعلق فیصلہ (آج)پیر کو کیا جائیگا۔دریں اثناء مولانا فضل الرحمان کی دعوت پر ملک بھر کے نامور اور سینئیر قانون دان بھی پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن امان اللہ کنرانی، سابق صدر سپریم کورٹ بار کامران مرتضی اسلام آباد پہنچے ،سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل ملک سکندر، کے پی کے صوبائی بار کونسل ، سندھ بار کونسل ، پنجاب بار کونسل کے نمائندے بھی شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچے۔