اسلام آباد (این این آئی)جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج اور دھرنے کے اعلان کے بعد انصارالاسلام کے رضاکاران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے سپریم کورٹ کے باہر پہنچے۔
رضاکاران کے ریڈ زون میں داخلے کی اطلاع پر تھانہ سیکریٹریٹ پولیس بھی پہنچی۔تھانہ سیکریٹریٹ کے اہلکاروں کی جانب سے رضاکاران سے معلومات حاصل کی گئیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی ایم کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر (آج) پیر کو دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دھرنے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے جے یو آئی ف کے قافلوں کی اسلام آباد کی جانب روانگی شروع ہوگئی ،پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے تمام سیاسی جماعتوں کو سپریم کورٹ کے خلاف احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ ایک مجرم کو یک طرفہ تحفظ اور وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے، عوام اور کارکنوں کو دعوت دے رہے ہیں کہ پیر کی صبح شاہراہِ دستور پہنچیں اور دھرنا دیں۔