واشنگٹن(این این آئی)امریکہ میں حیران کر دینے والا معمہ سامنے آگیا۔ اس واقعہ میں کسی نے سینکڑوں کلو پاستا جنگل میں پھینک دیا۔ نیو جرسی کی پولیس نے نیویارک کی سرحد سے متصل ریاست کے ایک چھوٹے سے جنگل میں سیکڑوں کلو گرام پاستا کی غیر قانونی ڈمپنگ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے پیش آنے والے اس واقعہ کا احاطہ مقامی اخبارات نے بھی کیا ۔ اس علاقے میں پیدل سفر کرنے والے ایک شخص نے فیس بک پر تصاویر پوسٹ کی تھیں جس میں ایک چھوٹے سے جنگل میں پاستا کے ڈھیر نظر آرہے تھے۔ خاص طور پر یہ پاستا نیو یارک سٹی سے متصل اولڈ برج میں ایک آبی گزرگاہ کے کنارے کے علاقے میں پھینکا گیا تھا۔میونسپل اہلکار ہمانشو شاہ نے موصول ہونے والی ایک ای میل میں بتایا کہ سینکڑوں کلو گرام پاستا کو ان کے پیکجوں سے خالی کر کے آبی گزرگاہ کے کنارے پر پھینک دیا گیا۔ سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی تصاویر کی تصدیق ہونے کے بعد میونسپلٹی اور پولیس کے ملازمین کو جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا۔نیو جرسی نیو یارک ریاست سے متصل ہے۔ یہاں اطالوی نسل کے امریکیوں کے طور پر یورپی نسل کے گروہوں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے۔ اس کے 17 فیصد رہائشیوں کا کہنا ہے کہ وہ اطالوی نژاد ہیں۔ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں پاستا کی اس بڑی مقدار کو جمع کرلیا گیا۔ میونسپلٹی کے مطابق مقامی پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ 65 ہزار کی آبادی والے اولڈ برج میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ یہ پاستا کسی ریستوران کے سٹاک سے ہو سکتا ہے۔