اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں منکی پاکس کے دو کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر بیرون ملک سے آنے والے مشتبہ مریضوں کی اسکریننگ کا فیصلہ کر لیا گیا۔محکمہ صحت نے ائیرپورٹس کو ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے ائیرپورٹس پر متعلقہ محکموں کو گائیڈ لائینز پر عملدرآمد کی ہدایت کردی۔
ہدایت نامہ میں کہا گیا کہ طیارے میں موجود مشتبہ مریض کی نشاندہی کی جائے، مشتبہ مریض کو روٹین کے ڈپارچر کے بجائے ایمبولینس کے ذریعے نکالا جائے، متاثرہ مریض کی امیگریشن ائیرلائن اسٹاف کروائے گا۔محکمہ صحت کے ہدایت نامہ کے مطابق مریض کے سفری دستاویزات باقاعدہ لفافہ میں بند کر کے لائے جائیں، وائرس کے خطرے کے پیش نظرائیرپورٹس پر پروٹوکول سروس فوری بند کی جائے۔ہدایت نامہ میں کہا گیا کہ محکمہ ہیلتھ کے اہلکار مسافروں کے سامان پر جراثیم کش اسپرے کریں اور اہلکار حفاظتی پی پی ای کٹس لازمی استعمال کریں۔اس کے علاوہ ہدایات جای کی گئیں کہ عمرہ سے آنے والے ہر ایک مسافر کو چیک کیا جائے، فرنٹ ڈیسک عملہ ہر فلائٹ کے بعد صابن سے ہاتھ دھوئے اور کاؤنٹرز سینٹائز کرے جبکہ ائیرپورٹ لفٹ اور بھیڑ والی جہگوں پر اسپرے کروایا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں منکی پاکس کے 2 کیس سامنے آئے۔ وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق سعودی عرب سے بے دخل کیے جانے والے شخص اور جہاز میں اس کے ساتھ بیٹھے ہوئے دوسرے مسافر میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی۔وفاقی وزارت صحت کے سینئر حکام نے بتایا کہ سعودی عرب سے 17 اپریل کو پاکستان آنے والے شخص میں منکی پاکس کی علامات تھیں جس کے بعد اس شخص کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں طبی معائنے کی ہدایت کی گئی۔