کراچی (این این آئی) فلم میں جمائمہ کا کردار ادا کرنیوالے پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ سعیدہ امتیاز کے انتقال کی خبر منظر عام پر آئی تھی جس کے بعد ان کے بھائی نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعیدہ امتیاز زندہ اور صحتمند ہیں۔ ادکارہ کے قانونی مشیر کا کہنا ہے کہ فی الحال ان خبروں پر یقین نہ کریں، ابھی سعیدہ امتیاز کے انتقال کی تصدیق نہیں ہوئی۔
اداکارہ کے آفیشل فیس بک پیج پر تصدیق کی گئی ہے کہ سعیدہ امتیاز اب اس دنیا میں نہیں رہیں، وہ اپنے کمرے میں مردہ پائی گئیں۔پاکستانی نژاد امریکی سعیدہ امتیاز اداکاری اور ماڈلنگ کے شعبے سے وابستہ تھیں، انہوں نے کئی پاکستانی فلموں وجود، تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار اور ریڈرم میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے فلم کپتان میں عمران خان کی اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ کا کردار ادا کیا تھا۔سعیدہ امتیاز کے انتقال سے متعلق ان کے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر خبر پوسٹ کی گئی ہے، جس کہا گیا ہے کہ انتہائی دکھی دل کے ساتھ آپ کو افسوسناک خبر دی جارہے کہ سعیدہ امتیاز آج صبح انتقال کر گئیں، وہ اپنے کمرے میں مردہ پائی گئیں۔نجی ٹی وی کے مطابق سعیدہ امتیاز کے بھائی نے اداکارہ کے انتقال کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سعیدہ امتیاز حیات اور صحتمند ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اداکارہ کا سوشل میڈیا اکائونٹ ہیک ہوگیا تھا، اداکارہ کا سوشل میڈیا ٹیم سے تنازع چل رہا تھا، ہوسکتا ہے پرانی سوشل میڈیا ٹیم نے یہ پوسٹ اپ لوڈ کی ہو۔دوسری جانب سعیدہ امتیاز کے وکیل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فی الحال سعیدہ کے انتقال کی تصدیق نہیں ہوئی، فی الحال اداکارہ کے انتقال سے متعلق خبروں پر یقین نہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے قانونی مشیر کے طور پر میں اس کی جلد وضاحت کروں گا۔ساتھ ہی انہوں نے سعیدہ امتیاز کی صحت کیلئے دعا کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔