اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پی ٹی آئی نے اپنے بڑے کھلاڑی قومی اسمبلی میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا، پارٹی کے بڑے نام پنجاب کے انتخابات کی دوڑ میں حصہ نہیں لیں گے۔نجی ٹی وی دنیا کے ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے پنجاب میں انتخابات کیلئے ٹکٹوں کے
حوالے سے اہم پالیسی بنا لی جس کے مطابق مرکز کے بڑے کھلاڑی قومی اسمبلی کے میدان میں اتارے جائیں گے، شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور حماد اظہر کو پنجاب میں پارٹی کا ٹکٹ نہ دیئے جانے کا امکان ہے۔وفاق کے کھلاڑی صرف مرکز کے انتخابات میں ہی حصہ لیں گے، پی ٹی آئی نے پنجاب کی 80 فیصد نشستوں کے ٹکٹ فائنل کر لیے، ڈاکٹر مراد راس، شبیر گجر اور ظہیر عباس کھوکھر کو ٹکٹ جاری کرنے کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا، تحریک انصاف کی جانب سے کل ٹکٹوں کا اعلان متوقع ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق ٹکٹ جمع کرانے کی تاریخ 19 اپریل ہے، سیاسی جماعتوں کو 19 اپریل تک اپنے پارٹی ٹکٹ جاری کرنے ہیں تاکہ امیدوار الیکشن کمیشن کو ٹکٹ جمع کروائیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری اور چوہدری حفیظ کی ایک مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ ٹکٹ کے خواہش مند شخص سے گفتگو کررہے ہیں۔اس مبینہ آڈیو میں چوہدری حفیظ نے اپنا تعلق نوابشاہ سے کروایا اور بتایا کہ میں اسلام آباد میں بات کررہا ہوں، آپ سے پنجاب الیکشن کے لیے پی پی 114 کی نشست کیلئے رانا شوکت کو ٹکٹ سے متعلق بات ہوئی تھی۔ چوہدری شوکت نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پھر آپ نے مجھے بتایا نہیں کہ چندا کتنا دینا پڑے گا اور ٹکٹ کتنے کا ملے گا؟۔اس مبینہ آڈیو میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اعجاز چوہدری نے جواب میں کہا کہ چندا تو لامحدود ہے،
عمران خان سے ملاقات کے لیے آپ کو ایک کروڑ روپے سے زائد معاوضہ ادا کرنا ہوگا پھر ملاقات ہوجائے گی۔اعجاز چوہدری نے کہا کہ آپ کو چیئرمین سے ملاقات میں یہ یقین دہانی کرانی ہے کہ ہم اتنی رقم بطور چندا آپ کو دے دیں گے اور یہ رقم ایک کروڑ سے اوپر ہونی چاہیے تاکہ چیئرمین سے ملاقات ہوسکے۔
چوہدری حفیظ نے دس ملین سننے کے بعد تصدیق کی کہ ایک کروڑ جس پر اعجاز چوہدری نے کہا جی جی ایک کروڑ سے اوپر۔۔ پھر چوہدری حفیظ نے پوچھا اور ٹکٹ کے کتنے پیسے دینے ہوں گے جس پر اعجاز چوہدری نے جواب دیا کہ یہ رقم پارٹی کے لیے ہی ہے۔
شوکت خانم اسپتال کو عطیہ دینے کے سوال پر اعجاز چوہدری نے کہا کہ آپ اگر دینا چاہتے ہیں تو آپ کی مرضی ہے۔اس پر چوہدری حفیظ نے پوچھا کہ روزوں میں آؤں یا بعد میں تو اس پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر ٹکٹ لینی ہے تو آج کل میں ہی آجاؤ۔