لاہور(این این آئی)بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی مودی سرکار کے زیر اہتمام ایوارڈز کی تقریب میں گھنٹوں تپتی دھوپ میں بیٹھنے والے 12 افراد جان کی بازی ہار گئے۔بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ممبئی کے قریبی ضلع میں منعقدہ مہاراشٹر ا بھوشن ایوارڈز کی تقریب میں لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے 38 ڈگری درجہ حرارت کی تپتی دھوپ میں گھنٹوں بیٹھے رہے،جس کی وجہ سے 8خواتین اور 4مردوں سمیت کم سے کم12ہلاک جبکہ 6سو افراد ہیٹ سٹروک کا شکار ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گرمی میں بیٹھنے سے 20 افراد کی حالت خراب ہونے پر انہیںہسپتال میں منتقل کیاگیا،جن میں سے 12افراد ہلاک ہو گئے ۔بھارتی حکام کے مطابق حکومتی ایوارڈ کی تقریب میں 10 لاکھ لوگ شریک تھے۔شدید گرمی کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ ہیٹ سٹروک کا شکار ہونے کے علاوہ متعدد بے ہوش ہوگئے جس سے ایوارڈ کی تقریب میں بھگڈر جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ۔ مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس بھی تقریب میں موجود تھے ۔ اس واقعہ پر اپوزیشن نے حکومت پر لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے حکومت کے خلاف مجرمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔