کراچی(این این آئی)کراچی میں چھوٹا بچہ اپنے ساتھی کے ہمراہ کار لے اڑا کار چوری کی اس انوکھی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے۔شہر قائد میں کاریں اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں عام ہوچکی ہیں اور اب اس میں کمسن بچوں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز نے کار چوری کی ایک ایسی ہی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی ہے جس میں ایک بچہ ساتھی کے ہمراہ کار چوری کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔یہ سی سی ٹی وی فوٹیج کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا کی ہے جس میں بچے کو بڑی عمر کے ایک شخص کے ساتھ گلی میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ دونوں ایک کار کے قریب پہنچتے ہیں اور پھر وہاں آمدورفت کم ہونے کا انتظار کرتے ہیں۔موقع ملتے ہی بچہ سیکنڈوں میں مہارت سے کار کے ڈرائیور سائیڈ کا لاک کھول دیتا ہے اور پیچھے ہٹ جاتا ہے جب کہ اس کا ساتھ کار کے اندر بیٹھ جاتا ہے۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار کے اندر بیٹھنے والا شخص کار کو ڈائریکٹ کرتا ہے اور کار کی دوسری جانب کا دروازہ کھولتا ہے جہاں سے بچہ گاڑی میں آکر بیٹھا ہے اور پھر وہ گاڑی لے کر فرار ہوجاتے ہیں۔