مظفرآباد(این این آئی)قائمقام وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے ہی صدر پر ممبران اسمبلی کو اغوا کرنے کا الزام لگادیا۔قائمقام وزیراعظم آزاد کشمیر خواجہ فاروق احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ہمیں 27سے زیادہ ممبران کی حمایت ہے، ہمارے دو ممبران اسمبلی کو اغوا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اس سے متعلق ایس ایس پی سے معلومات لی ہیں،ایس ایس پی نے کہا وہ انہیں صدر ہائوس لے گئے ہیں، پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔قائمقام وزیراعظم آزاد کشمیر خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ صدر ریاست کے لیے لی جانے والی گاڑی کی خریداری ممکن نہیں، ریاست ابھی اس خریداری کی متحمل نہیں ہو سکتی۔خواجہ فاروق احمد نے 62کروڑ روپے سے زائد خرچ سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر کا سیکرٹ فنڈ 3کروڑ روپے ہوتا ہے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس اپنا وزیراعظم لانا چاہتے ہیں جبکہ صدر بیرسٹر سلطان محمود آزاد کشمیر میں اپنا وزیراعظم لانے کے خواہاں ہیں۔پی ٹی آئی کے دو دھڑوں میں تقسیم ہونے کے بعد مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے بھی آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں اپنا قائد ایوان لانے کے لیے جوڑ توڑ شروع کر دی ہے۔