نیویارک (این این آئی )اقوام متحدہ نے سوڈان میں متحارب فورسز کے درمیان لڑائی میں عالمی خوراک پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے تین ملازمین کی ہلاکت کی مذمت کی ہے اور بتایا ہے کہ یہ تینوں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران میں مارے گئے ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے مربوط معاون مشن (یونیٹامس)کے سربراہ وولکر پرتھیس نے کہا کہ ایک روز قبل شمالی دارفر کے علاقے کبابیا میں ہونے والی جھڑپوں میں ڈبلیو ایف پی کے تین ملازمین ہلاک ہوئے تھے۔سوڈان کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی پرتھیس نے اپنے بیان میں کہا کہ میں اقوام متحدہ اور دیگر انسانی تنصیبات کونشانہ بنانے کی اطلاعات کے ساتھ ساتھ دارفر میں متعدد مقامات پر اقوام متحدہ اور دیگر انسانی امدادی اداروں کے مراکزکو لوٹنے کی اطلاعات پربھی انتہائی پریشان ہوں۔عالمی خوراک پروگرام نے اپنے تین ملازمین کی ہلاکت کے بعد سوڈان میں تمام کارروائیاں عارضی طور پر روک دی ہیں۔ڈبلیو ایف پی کی ایگزیکٹوڈائریکٹرسنڈی میک کین نے ایک بیان میں کہا کہ سوڈان میں سکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورت حال کے پیش نظرہم تمام کارروائیاں عارضی طور پر روکنے پرمجبور ہیں۔دریں اثناسوڈانی فوج نے دارالحکومت خرطوم کے قریب حریف سریع الحرکت فورسز کے نیم فوجی دستے کے اڈے پر فضائی حملے کیے ہیں تاکہ ملک دوبارہ کنٹرول حاصل کیا جا سکے۔