کوہاٹ(این این آئی)کوہاٹ کے قریب انڈس ہائی وے پر پرانے ٹول پلازہ کے مقام پر بھینسوں سے بھرا کنٹینر ْالٹ گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی جبکہ کنٹینر تباہ اورکئی بڑے جانور ہلاک ہونے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا تاہم ریسکیو ٹیم اور مقامی افراد نے
امدادی کاروائیاں کرکے دو درجن سے زائد جانوروں کوزندہ بچا لیا۔ یہ واقعہ گزشتہ شب تقریباً ڈیڑھ بجے انڈس ہائی وے پر پرانے ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا جہاں بھینسوں سے بھرا ایک کنٹینر اْلٹ کر سڑک سے نیچے گرگیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوگیا جبکہ سات بھینسیں موقع پر ہلاک ہوگئیں اورزخمی ہونے والی کئی ایک کو ذبح کردیا گیا ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی جبکہ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عظمت اللہ وزیر سمیت محکمہ حیوانات کا عملہ بھی جائے حادثہ پہنچ گئے۔ ریسکیوترجمان کے مطابق کنٹینر میں پانچ بیوپاری محفوظ رہے تاہم ڈرائیور معمولی زخمی ہوگیا جسے بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی۔ واقعہ کی اطلاع پر قریبی علاقہ توغ بالا کے مقامی لوگوں نے بڑھ چڑھ کر امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا۔بتایاجاتا ہے کہ حادثہ میں 7 بڑے جانور ہلاک اور کئی زخمی بھینسوں کو زخمی حالت کے باعث ذبح کیاگیا۔ حادثہ میں کنٹینرتباہ ہوگیا جبکہ جانوروں کے ہلاک ہونے سے بیوپاریوں کالاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔