اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کا کہنا ہے کہ الیکشن کے لیے صرف فوج کی بات نہیں کر رہے، ائیرفورس اور نیوی کا بھی بتایا جائے۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال
نے انتخابات کے دوران سکیورٹی فورسز کی تعیناتی سے متعلق ریمارکس دیے کہ ہم صرف فوج کی بات نہیں کر رہے، مسلح افواج میں ائیر فورس، نیوی بھی شامل ہیںچیف جسٹس نے کہا کہ اگر ہماری فوج حساس جگہوں پر تعینات ہے تو ہمیں ان دو کے بارے میں بھی بتایا جائے، آرمڈ فورسز میں نیوی اور فضائیہ بھی شامل ہیں، اگر پاک آرمی کی نفری مصروف ہے تو دیگر سروسز سے اہلکار لیے جا سکتے ہیں، نیوی سمیت دیگر فورسز سکیورٹی کے لیے لی جا سکتی ہیں جو حالت جنگ میں نہ ہوں۔چیف جسٹس نے سیکرٹری دفاع سے پوچھا کہ ویسے بتا دیں کہ الیکشن کے لیے کتنی سکیورٹی چاہیے؟ جو کچھ حساس چیزیں ہیں ان کو ان چیمبر سن لیں گے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے سیکرٹری دفاع جنرل ریٹائرڈ حمود الزمان نے استفسار کیا کیا پنجاب میں سکیورٹی صورتحال سنگین ہے؟ جس پر سیکرٹری دفاع نے کہا کہ پنجاب میں سکیورٹی سے متعلق ان چیمبر بریفنگ دیں گے، ہم نے عدالت میں کچھ بولا تو دشمن معلومات لیک کر سکتا ہے، کچھ حساس معلومات ہیں جو چیمبر میں بتائیں گے۔