دوحہ ( این این آئی) قطر میں جاری لیجنڈز لیگ کے چھٹے میچ میں ورلڈ جائنٹس نے شاہد آفریدی کی ایشیا لائنز کو 20 رنز سے شکست دیدی۔دوحہ کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں ورلڈ جائنٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے،
ہاشم آملہ 68 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔دیگر کھلاڑیوں میں جیک کیلیس 56، کرس گیل 2 جبکہ کپتان شین واٹسن 6 رنز بناکر آٹ ہوئے، ایشیا لائنز کی جانب سے محمد عامر اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں ایشیا لائنز کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپل تھرنگا 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ تھیسارا پریرا 12، محمد حفیظ 13، مصباح الحق 5، عبدالزاق 9 رنز بناسکے جبکہ کپتان شاہد آفریدی 26 اور دلشان 37 رنز بناکر نمایاں رہے۔ایشیا لائنز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں محض 130 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی اور یوں انہیں 20 کی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ورلڈ جائنٹس کی جانب سے کرس مافو اور ٹینو بیسٹ نے 3،3 جبکہ بریٹ لی اور سمت پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔دوسری جانب لیگ مقابلے اختتام پزیر ہوچکے ہیں، ورلڈ جائنٹس 4 میچز میں 3 کامیابیاں سمیٹ کر پہلے، ایشیا لائنز 4 میچز میں 2 فتوحات کے ساتھ دوسرے جبکہ انڈیا مہاراجہ کی ٹیم چار مقابلوں میں سے ایک میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد آخری پوزیشن پر موجود ہے۔