لاہور ( این این آئی)سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے سابق ارکان اسمبلی اور سینئر وکلا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی، سابق صوبائی وزیر ملک تیمور مسعود، ہارون زمان کھگہ، سابق ارکان اسمبلی بائو رضوان،
خالد اصغر گھرال ایڈووکیٹ، سابق سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار عامر سعید راں موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کو مقدموں میں الجھا کر انتخابی مہم سے روکنے کی سازش کی جا رہی ہے، عمران خان کی ریلی ن لیگ اور نگران حکومت کیلئے ڈرائونا خواب بن چکی ہے، کٹھ پتلی حکومت ایک ریلی سے خوفزدہ ہو چکی ہے، یہ نااہل ٹولہ تیار رہے الیکشن میں عمران خان کا عوامی ریلا آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے توشہ خانہ رپورٹ پبلک کروا کے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیا ہے، توشہ خانہ رپورٹ نے عمران خان کی بے گناہی ثابت کر دی ہے، الیکشن کمیشن کو الیکشن شیڈول آنے کے بعد دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹس لینا چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ نوازشریف مفرور قیدی ہیں، واپس آئے تو سیدھا جیل جائیں گے، سپریم کورٹ کے حکم اور آئین کے تحت الیکشن کمیشن صاف شفاف الیکشن کرانے کا پابند ہے۔