سکھر (این این آئی)سکھر کی مقامی عدالت نے اداروں کی تضحیک اور عوام کو اکسانے کے الزام پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔سکھر کی ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ممتاز سولنگی کی عدالت میں
تحریک انصاف سکھر کے ضلعی صدر ایڈوکیٹ ظہیر بابر کی جانب سے مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائیزر مریم نواز کی سرگودھا میں کی گئی تقریر پر دائر بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی استدعا پر مشتمل درخواست کی سماعت ہوئی۔سماعت پر مریم نواز کی جانب سے ان کے وکلا ذوالفقار علی ملانو اور ظفر عیدن منگی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا وکالت نامہ عدالت میں جمع کرایا جب کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان نثار ابڑو، ایف آئی اے، سکھر پولیس کے نمائندے اور وکلا بھی عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نثار ابڑو نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے چونکہ تقریر سرگودھا میں کی ہے تو قانون کے مطابق بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرگودھا کی عدالت میں دائر کی جاسکتی ہے۔درخواست گذار وکیل ظہیر بابر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے سرگودھا جلسے میں افواج اور عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہے ان کی اس نفرت انگیز تقریر کی بنیاد پر ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے۔وکیل ظہیر بابر نے مریم نواز کے وکلا کی جانب سے دائر وکالت نامے پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ وکالت نامے کو چیک کرایا جائے کہ اس پر مریم نواز کے دستخط ہیں یا نہیں، انہوں نے دستخط چیک کرنے کی درخواست بھی عدالت میں دی۔