بابراعظم کے بیٹ کی ضرب سے کئی ریکارڈز چکنا چور
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف سنچری کر کے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔بابراعظم سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر آ گئے، پشاور زلمی کے کپتان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹی ٹونٹی کیرئیر کی آٹھویں سنچری بنائی۔اس سے قبل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ڈیوڈ وارنر، ایرون فنچ اور مائیکل کلنگر نے 8، 8سنچریاں بنا رکھی ہیں، ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ سنچریاں کرس گیل نے بنا رکھی ہیں جو کہ 22ہیں۔علاوہ ازیںبابر اعظم اور صائم ایوب نے 162 رنز کی پی ایس ایل کی دوسری سب سے بڑی شراکت بنائی، ریکارڈ پارٹنر شپ کا اعزاز بابر اور شرجیل نے 176 رنز بناکر اپنے نام کیا تھا،انھوں نے یہ ریکارڈ 2021 میں کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف بنایا تھا۔اس کے علاوہ بابر اعظم پی ایس ایل کی ٹاپ تین شراکتوں میں حصہ دار ہیں۔انھوں نے شرجیل 176، صائم 162 اور لیونگ اسٹن کے ساتھ 157 رنز جوڑے۔