لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف اینکر پرسن حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ پاکستان میں مارشل لاءلگانا چاہتے تھے اور اس حوالے سے شہباز شریف کے پاس ثبوت بھی موجود ہیں ۔نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حامد میر کاکہنا تھا کہ شہباز شریف چاہیں تو ان ثبوتوں کی بنیاد پر جنرل باجوہ کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ کر سکتے ہیں۔مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں حامد میر کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے جنرل راحیل شریف نے کبھی سامنے آکر دباﺅ نہیں ڈالا جبکہ جنرل باجوہ براہ راست دباﺅ ڈالنے کے ساتھ ساتھ مارشل لاءلگانے کی دھمکیاں بھی دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بطور پاکستانی شہری میری خواہش ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات مارچ تک جبکہ قومی اسمبلی کے انتخابات ستمبر تک ہوجائیں۔